ممبئی۔ ممبئی میں پولیس نے ایک بار پھر گلابی نوٹ کے کالے کاروبار کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے چیکنگ کے دوران ایک کار سے ایک کروڑ 40 لاکھ کی رقم برآمد کی ہے۔ یہ ساری رقم 2000 کے نوٹ کی شکل میں ہے۔ پولیس نے 4 افراد کو گرفتار بھی کیا ہے اور وہ کار بھی ضبط کر لی ہے، جس میں یہ رقم لے جائی جا رہی تھی۔ نوٹ بندی کے اس دور میں اب تو ممبئی روز ہی نوٹ اگل رہی ہے۔ ممبئی کی ڈی این نگر پولیس نے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی رقم برآمد کی ہے اور یہ ساری رقم 2000 کے گلابی نوٹوں میں ہے یعنی دو دو ہزار روپے کے پورے 7 ہزار نوٹ ہیں۔ یہاں ہر روز لوگوں کو ایک ڈیبٹ کارڈ سے 2000 کا صرف ایک نوٹ ہی مل رہا ہے، لیکن ڈی این نگر تھانے میں یہ گنتی آپ کی سوچ سے کہیں زیادہ ہے۔
پولیس نے جمعہ کی شام تقریبا 7 بجے اندھیری میں جوہو دھارا کمپلیکس کے قریب ایک ٹویوٹا کار کو چیکنگ کے لئے روکا۔ کار کا نمبر ایم ایچ 48 اے سی 5152 تھا۔ سفید رنگ کی اسی کار سے پولیس نے ایک کروڑ 40 لاکھ کی نئی کرنسی برآمد کی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں 4 افراد کو گرفتار کیا ہے، جس میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔ پولیس نے جب ان لوگوں سے 2000 کے نئے نوٹوں کے بارے میں سوال کئے تو وہ کوئی جواب نہیں دے پائے۔