لندن۔ برطانوی پارلیمنٹ کے باہر ہوئے حملہ کے خلاف برقع پوش مسلم خواتین کا انوکھا احتجاج۔ برطانیہ کی باحجاب مسلم خواتین نے چند روز قبل برطانیہ کی پارلیمنٹ کے باہر ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے خلاف ایک منفرد احتجاج کیا ہے۔
مسلمان خواتین نے گذشتہ روز ویسٹ منسٹر پل پر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر دہشت گردی کی لعنت کے خلاف اپنی آوازیں بلند کیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ویسٹ منسٹر پل پر مسلمان خواتین کی بڑی تعداد نے حجاب پہن کر حالیہ دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا اور ہاتھوں کی زنجیر بناتے ہوئے دہشت گردی سے متاثر ہونے والے افراد سے اپنی یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
با حجاب خواتین کا ہاتھوں کی زنجیر کے ذریعے ان خواتین نے یہ پیغام دیا کہ اسلام کا دہشت گردی سےکوئی تعلق نہیں۔ دہشت گردی کا مرتکب چاہے مسلمان ہو یا غیرمسلم ہو مسلمان اس کی یکساں مذمت کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ اسی ویسٹ منسٹر پل پر گذشتہ ہفتے ایک شخص نے قصدا اپنی گاڑی سے کئی راہ گیر کچل ڈالے تھے جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور چالیس کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں راہ گیروں اور سیاحوں کو کچلنے والا شخص بھی ہلاک ہوگیا تھا۔ بعد ازاں اس کی شناخت خالد مسعود کے نام سے کی گئی تھی جو ایک نو مسلم بتایا گیا ہے۔
گذشتہ روز اسی دہشت گردی کے واقعے کے خلاف دسیوں برقع پوش خواتین نے قطار میں ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کچھ دیر کی خاموشی اختیار کی۔ پل کے دونوں اطراف کھڑی خواتین نے یہ پیغام دیا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور اس کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ پل پر جمع تمام خواتین نے کہا کہ وہ دہشت گردی کی کارروائی کو مسترد کرتی ہیں۔