پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اپنی پہلی بولی وڈ فلم میں کنگ کے نام سے مشہور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی، لیکن آخر ’رئیس‘ ریلیز کب ہوگی، اس بات نے شاید ماہرہ کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔
بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ کو پہلے رواں سال عید پر ریلیز ہونا تھا تاہم انھوں نے اپنی فلم کی ریلیز ملتوی کردی۔
فلم کی ریلیز میں تاخیر کی وجہ شاہ رخ نے فلم کا مکمل نہ ہونا بتایا تاہم کئی رپورٹس میں ایسا بھی کہا گیا کہ شاہ رخ نے سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ کے عید پر ریلیز ہونے کے باعث اپنی فلم کی تاریخ تبدیل کی۔
’سلطان‘ تو ریلیز ہوکر پاکس آفس پر کامیاب بھی ہوگئی لیکن شاہ رخ کی فلم کو اب تک ریلیز کی کوئی تاریخ نہیں ملی۔
دوسری جانب اداکارہ ماہرہ خان جو اس فلم کے ذریعے بولی وڈ میں قدم جمانے کو تیار ہیں، کے بارے میں سننے میں آیا ہے کہ وہ فلم کی تاخیر سے ناخوش ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ماہرہ خان کو بولی وڈ میں کافی اچھی آفرز موصول ہورہی ہیں تاہم وہ ان میں سے کسی کو بھی سائن نہیں کر سکتیں جس کی وجہ اداکارہ کا فلم ’رئیس‘ کے میکرز کے ساتھ کیا ہوا معاہدہ ہے۔
اس معاہدے کے مطابق ماہرہ فلم کی ریلیز تک کسی اور پراجیکٹ کا حصہ نہیں بن سکتیں۔
شاہ رخ خان ’رئیس‘ کو اگلے سال 26 جنوری کو ریلیز کرنے کا ارادہ کررہے تھے تاہم اس تاریخ پر ہریتھیک روشن کی فلم ’قابل‘ ریلیز ہوگی۔