تہران۔ ایران جوہری توانائی سے چلنے والے بحری جہاز بنائے گا۔ یہ حکم صدر ایران حسن روحانی نے حکام کو دیا ہے۔ امریکی کانگریس نے حال ہی میں ووٹنگ کے ذریعے ایران کے خلاف پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے ملکی حکام کو جوہری توانائی سے چلنے والے بحری جہاز بنانے کا حکم دیا ہے۔ صدر روحانی کا الزام ہے کہ امریکہ گذشتہ سال ہونے والے بین الاقوامی جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
امریکہ سمیت دنیا کی اہم طاقتیں اس شرط پر ایران کے خلاف عائد پابندیاں اٹھانے پر راضی ہوئی تھیں کہ ایران اپنا جوہری پروگرام بند کر دے گا۔ لیکن امریکی کانگریس نے حال ہی میں ووٹنگ کے ذریعے ایران کے خلاف پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔
امید ہے کہ صدر اوباما اس پر دستخط کر دیں گے لیکن کہا جاتا ہے کہ اس سے بین الاقوامی معاہدے پر اثر نہیں پڑے گا۔ایک بیان میں ایران کے صدر روحانی نے امریکی کانگریس کے اس قدم کی مذمت کی ہے اور اسے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انھوں نے اپنے حکام سے کہا ہے کہ وہ شپنگ نقل و حمل کے لئے فریم ورک اور جوہری ایندھن کی منصوبہ بنائیں۔
امریکہ کے منتخب صدر ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو ختم کر دیں گے، لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آگے ان کی پالیسی کیا ہوگی۔