نئی دہلی: چین کے ساتھ ڈوکلام تنازعہ کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سفارت کار وجے کیشو گوکھلے نے آج خارجہ سیکرٹری کا عہدہ سنبھال لیا ہے ۔ ان کی مدت کار دو برس ہوگی ۔انہوں نے ایس جے شنکر کی جگہ لی ہے ۔مسٹر گوکھلے نے چین کے ساتھ 73 دن تک چلے ڈوکلام تعطل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وہ 1981 بیچ کے انڈین فارن سروس (آئی ایف ایس) کے افسر ہیں۔ اس سے قبل وہ وزارت خارجہ میں سیکرٹری (اقتصادی تعلقات) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔مسٹر گوکھلے 20 جنوری، 2016 سے 21 اکتوبر 2017 تک چین میں ہندستانی سفیر رہے ہیں۔ بطور خارجہ سیکرٹری وہ اکتوبر 2013 سے جنوری 2016 تک جرمنی میں ہندستان کے اعلی سفارتکار بھی رہے ہیں۔ انہوں نے ہانگ کانگ، ہنوئی اور نیویارک میں بھی ہندوستانی مشنوں میں خدمات انجام دی ہیں۔