نئی دہلی: اپوزیشن نے ملک میں دلتوں پر مظالم کے بڑھتے واقعات پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو ناکافی قرار دیتے ہوئے آج ان سے اپیل کی کہ وہ بیان دینے کی بجائے سخت کارروائی یقینی بنائیں۔لوک سبھا میں ضابطہ 193 کے تحت ملک میں دلت استحصال پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے پی کے بیجو نے کہاکہ قومی انسانی حقوق کمیشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق ہر گھنٹے دلتوں پر مظالم کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ تعلیم، خوراک، صحت وغیرہ ہر معاملے میں ان کی حالت قابل رحم ہے ۔ ملک میں دلتوں کے خلاف تشدد میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ پرائیویٹ اسکولوں میں دلت اور اعلی طبقہ کے طلبہ میں تفریق کی جاتی ہے ۔ حکومت کے موقف پر بحث کرتے ہوئے مسٹر بیجو نے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ وزیر اعظم نے حیدر آباد کی ایک میٹنگ میں یہاں تک کہا کہ کوئی انہیں گولی مار دے ، لیکن دلت کو نہ مارے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیرا عظم کو ایسا بیان دینے کی ضرورت نہیں ہے ، انہیں سخت کارروائی یقینی بنانی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ان گؤ رکشک کمیٹیوں پر ملک بھر میں پابندی لگائی جانی چاہئے ۔مسٹر بیجو نے اعلی تعلیمی اداروں میں درج فہرست ذات اور قبائلیوں کیلئے محفوظ (ریزرو) اساتذہ کے خالی عہدے فوراً
بھرنے کا مطالبہ کیا۔