لکھنو : آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یوپی میں درگاہوں کو 24 گھنٹے بجلی ، مندروں میں اندھیرا ہے۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں ووٹروں کے پولرائزیشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ وزیر اعظم نریندرمودی کے ذریعہ قبرستان اورشمشان والے بیان کے بعد اب بی جے پی کے فائر برانڈ لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ نے بجلی کے معاملہ پر متنازع بیان دیا ہے ۔
یوگی نے سماج وادی پارٹی حکومت پر امتیازی سلوک اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ درگاہوں کو 24 گھنٹے بجلی دی گئی، جبکہ مندروں میں اندھیرا رہا۔ علاوہ ازیں یوگی نے راہل گاندھی کو لے کر بھی متنازع بیان دیا اور انہیں اپ شگن قرار دیا جبکہ اکھلیش یادو کا کنس اور اورنگزیب سے موازنہ کیا۔ بہرائچ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے یوپی کو ڈھائی سال میں ڈھائی لاکھ کروڑ روپے دیا ، لیکن پیسہ سیفئی چلا گیا اور جو بچا قبرستان کی باؤنڈری میں لگ گیا۔
اس کے بعد سنت کبیر نگر میں بی جے پی لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ راہل گاندھی کانگریس کیلئے سب سے بڑے اپ شگن ہیں۔ راہل کسی امیدوار کی تشہیر میں نکل جائیں ، تو اس کی ہار یقینی ہو جاتی ہے۔ آدتیہ ناتھ نے اکھلیش یادو کا کنس اور اورنگزیب سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ باپ کو اقتدار سے بے دخل کر کے اکھلیش نے اقتدار حاصل کیا ہے۔
مہداول میں منعقد ہ ایک انتخابی ریلی کے دوران یوگی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور بی ایس پی کے پاس ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ دونوں میں کون کتنے مسلم امیدوار دیتا ہے ، اس کو لے کر مقابلہ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت بننے پر تمام سلاٹرہاوس بند ہوں گے۔