لکھنؤ۔ اترپردیش میں اب کوئی بھوکا نہیں رہے گا۔ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے غریبوں کے لئے پانچ روپے میں بھر پیٹ کھانا اور بھکاری بچوں کے لئے اصلاحی مراکز سمیت کئی منصوبے تیار کئے ہیں۔ مسٹر یوگی نے کل رات اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تمل ناڈو اور مدھیہ پردیش کی طرز پر حکومت’ انناپورنابھوجنالیہ‘ کے ذریعہ پانچ روپے میں غریبوں کو بھرپیٹ کھانا دستیاب کرائے گی۔ اتر پردیش میں غیر منظم شعبوں کے مزدوروں کو دوپہر کا کھانا 10 روپے فی شخص فراہم کرانے کا پہلے ہی ایک منصوبہ چل رہا ہے۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ اننپورنا بھوجنالیہ طلبا، مزدور اور غریبوں کو پانچ روپے میں کھانا فراہم کرائے گا۔ پہلے مرحلے میں یہ منصوبہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے گورکھپور اور پھر کانپور، لکھنؤ اور غازی آباد سے شروع کیا جائے گا۔
دریں اثنا، سماجی فلاح و بہبود کے وزیر رماپتی شاستری نے آج یہاں اعلان کیا کہ حکومت تمام 18 ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر بھکاریوں کی اصلاح کے لئے ایک ایک مرکز کھولے گی۔ مسٹر شاستری نے کہا کہ بھیک مانگنے پر روک لگانے کے لئے یہ اصلاحی مرکز ریاست میں بھیک مانگنے والے بچوں کو مفت رہائش گاہ، کھانا، تعلیم اور دیگر سہولیات مہیا کرائیں گے۔ اصلاحی مرکزکی تجویز اسمبلی کے آئندہ بجٹ سیشن میں منظور ہونے کا امکان ہے۔ وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈویزنل ہیڈ کواٹر میں اصلاحی مرکز کھولے جائیں گے بعد میں تمام ضلعی ہیڈکوارٹر پرانہیں شروع کیا جائے گا۔