امریکا نے یمن کی عوامی رضاکار فورس کے زیرکنٹرول علاقے میں راڈار کی تین سائٹوں پر میزائلی حملہ کیا ہے۔
رویٹرز نے خبر دی ہے کہ امریکا کا یہ میزائلی حملہ جمعرات کو یمن کے ساحلی علاقے میں کیا گیا- امریکی حکام نے کہا ہے کہ جمعرات کو کیا جانے والا یہ حملہ جو یمن کی جنگ کے دوران عوامی رضاکار فورس کے خلاف امریکا کا پہلا براہ راست حملہ ہے، صدر اوباما کی اجازت سے کیا گیا ہے-
یمن کی عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر امریکی فوج کے اس حملے کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں-
دریں اثنا سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بھی شمالی صوبے صعدہ کے شہر الصفرا پر بمباری کی جس میں کم سے کم ایک شہری جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں-
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ صنعا کے شہر بنی حشیش اور صوبہ لحج کے شہر المضاربہ پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد یمنی شہری زخمی ہو گئے۔