دہلی۔ فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں دیوالی کو گزرے سات دن ہوچکے ہیں ، مگر اب بھی دہلی پر زہریلی دھند کی دبیز چادر پڑی ہوئی ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعلی کیجریوال نے فضائی آلودگی کی وجہ سے تین روز کیلئے اسکول کو بند کرنے اور سڑکوں پر واٹر اسپرے کا اعلان کیا تھا۔
پیر کو وزیر اعلی کے اعلان پر عمل کرتے ہوئے کئی مقامات پر سڑکوں پر واٹر اسپرے کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم سی کے اہلکاروں نے سڑکوں پر واٹر اسپرے کیا ، تاکہ فضائی آلودگی میں کچھ کمی آسکے۔
ادھر جنگلات و ماحولیات کے مرکزی وزیر انل مادھو دوے کا کہنا ہے کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے ، جس سے نمٹنے کے لئے کچھ دن نہیں بلکہ 365 دن ہنگامی سطح پر کام کرنا ہوگا ۔
فضائی آلودگی سے نمٹنے کے منصوبہ پر غور کرنے کے لئے دہلی کے چار پڑوسی پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان کے وزرائے ماحولیات کے ساتھ ایک ہنگامی میٹنگ کے بعد مسٹر دوے نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر الزام تراشی کا نہیں ہے۔