اب شیو پال یادو نے پرانی وزارتوں کا کیا مطالبہ
لکھنو : سماج وادی پارٹی میں جاری خانہ جنگی تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے ۔ وزیر اعلی اکھلیش یادو اور ان کے چچا شیوپال یادو اپنے قدم پیچھے کھینچنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ایس پی سپریمو ملائم سنگھ یادو کے ساتھ میٹنگ کے کچھ گھنٹوں بعد ہی شیو پال نے پارٹی سربراہ سے ان کو تمام وزارتیں واپس لوٹانے کیلئے کہا ہے ۔
ہماری ساتھی ویب سائٹ نیوز اٹھارہ میں شائع خبر کے مطابق شیو پال نے ملائم سے کہا ہے کہ وہ یوپی کا ریاستی صدر بننے کو تیار ہیں اور انہیں اکھلیش کے ساتھ حکومت میں کام کرنے کو لے کر کوئی پریشانی نہیں ہے ۔ یوپی اسمبلی انتخابات کی تیاری میں وہ اکھلیش کے ساتھ کندھے سے کندھے ملا کر سماج وادی پارٹی کے لئے کام کریں گے ۔ بتایا جارہا ہے کہ اب جمعہ کو بھی ملائم سنگھ یادو ایس پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں اس مسئلے پر بات چیت کریں گے ۔ اسی اجلاس پر ہر کسی کی گہری نگاہ ہے ۔ مانا جا رہا ہے کہ اس سیاسی تکرار کو ختم کرنے کے لئے ملائم کئی اہم اور سخت فیصلے لے سکتے ہیں ۔