نئی دہلی:محکمہ ڈاک نے اپنے ڈاک سے متعلق شکایات سننے کے لئے آج ایک ٹول فری نمبر “1924” جاری کیا اور کہا کہ پالیسی پر مبنی معاملوں کو چھوڑ کر دیگر شکایتوں کا ازالہ صرف ایک ورکنگ ڈے میں کیا جائے گا۔مرکزی وزیر برائے مواصلات منوج سنہا نے یہاں ڈاک بھون میں اس سروس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال تین زبانوں ہندی ، انگریزی اور ملیالم میں یہ ہیلپ لائن سروس شروع کی گئی ہے ۔جلد ہی اس کی توسیع آئین کی آٹھویں شیڈول میں شامل تمام زبانوں میں کرنے کا منصوبہ ہے ۔انڈین ڈاک ہیلپ لائن سینٹر یہاں ڈاک بھون میں ہی بنایا گیا ہے ۔اتوار اور دیگر چھٹی کے دن کو چھوڑ کر ہیلپ لائن سروس روزانہ صبح آٹھ بجے سے رات کے آٹھ بجے تک دستیاب رہے گی۔ اس ہیلپ لائن پر شکایت کرنے کے بعد شکایت کنندہ کو 11 ڈیجیٹ کا ایک ٹکٹ نمبر دیا جائے گا جس سے وہ بعد میں اپنی شکایت کی صورت حال معلوم کر سکے گا۔ایک ورکنگ ڈے کے اندر شکایت کا حل نہیں ہونے کی صورت میں چیف پوسٹ ماسٹر جنرل کو مکمل تفصیلات کے ساتھ اس تاخیر کی وجہ بتانی ہوگی۔