دنیا بھر میں 25 لاکھ فون اس واپسی سے متاثر ہوں گے
جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی موبائل کمپنی سام سنگ نے کہا ہے کہ وہ گلیکسی نوٹ سیون سمارٹ فون کی بیٹریوں کے چارج ہونے کی صلاحیت 60 فی صد کر دے گی۔
اس کے متعلق ایک اشتہار روزنامہ جونگ آنگ میں پہلے صفحے پر شائع ہوا ہے۔
٭ ’گلیکسی نوٹ سیون تبدیل کر لیں یا استعمال نہ کریں‘
خیال رہے کہ نوٹ سیون کی بیٹریوں میں خرابی کے باعث کمپنی نے اسے واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ بعض نوٹ سیون کی بیٹری چارج ہونے کے دوران یا اس کے بعد پھٹ گئی تھیں۔
اس اشتہار کا مقصد بظاہر یہ نظر آتا ہے کہ کمپنی ان صارفین کو جنھوں نے ابھی تک نوٹ سیون فون واپس نہیں کیا ہے انھیں اس کے لیے آمادہ کر رہی ہے۔
بہر حال بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین بیٹری کو 60 فی صد یا اس سے کم چارج کرنے پر راضی نہیں ہوں گے یا پھر کسی ہارڈ ویئر مسئلے کا سافٹ ویئر حل بھی نہیں چاہیں گے اور اس سے سام سنگ کی حریف کمپنیوں کو فائدہ ہو سکتا ہے۔
اس شعبے کے ماہر کرس جونز نے بی بی سی کو بتایا زیادہ تر صارفین اس فون سے جلد از جلد چھٹکارا چاہیں گے۔
بعض نوٹ سیون کی بیٹری چارج ہونے کے دوران یا اس کے بعد پھٹ جا رہی تھی
بازار پر تحقیق کرنے والی کمپنی آئی ڈی سی میں کام کرنے والے ول سٹوفیگا نے کہا میرے خیال سے یہ مسئلے کا بہترین حل نہیں ہے۔
اشتہار میں کہا گيا ہے کہ کہ واپسی 20 ستمبر سے ہوگی جبکہ دنیا بھر میں 25 لاکھ فون اس واپسی سے متاثر ہوں گے۔
خبررساں ادارے اے پی نے بتایا ہے کہ اسی طرح کا ایک اشتہار سیول شن مون میں بھی شائع ہوا ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا اسی طرح کا اپ ڈیٹ دوسرے ممالک میں فروخت ہونے والے فون کے لیے بھی ہے یا نہیں۔
برطانیہ میں سام سنگ نے 19 ستمبر سے فون بدلنے کا اعلان کیا ہے اور صارفین سے کہا ہے کہ وہ ان دکانداروں سے رابطہ کریں جہاں سے انھوں نے فون خریدے ہیں۔
حالیہ دنوں میں نوٹ سیون کے پھٹنے کے مزید واقعات سامنے آئے ہیں۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق بروکلین میں ایک چھ سال کے بچے کا ہاتھ اس وقت جل گيا جب فون اس کے ہاتھ میں پھٹ گيا۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا اور اب وہ بہتر ہے۔
فلوریڈا میں ایک شخص نے دعوی کیا ہے کہ ان کا فون جیپ میں چارج ہونے کے دوران پھٹ گیا جس سے جیپ میں آگ لگ گئي۔