آج ختم ہو رہی ہے میعاد کار
بھوپال : مدھیہ پردیش کے گورنر رام نریش یادو کی میعاد کار آج ختم ہو جائے گی ۔ اس کے بعد گجرات کے گورنر او پی کوہلی مدھیہ پردیش کے گورنر کا اضافی چارج سنبھالیں گے۔اس درمیان قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ میعاد کار ختم ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر ہی رام نریش یادو سی بی آئی جانچ کے گھیرے میں آ سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ رام نریش یادو کو ایس ٹی ایف نے فروری 2014 میں بھرتی گھوٹالہ میں نامزد ملزم بنایا تھا۔ تاہم آئینی عہدے پر ہونے کی وجہ سے اس وقت انہیں راحت مل گئی تھی۔ بدھ کو رام نریش یادو کی میعاد کار مکمل ہو جائے گی، ایسے میں اب وياپم معاملات کی جانچ کر رہی سی بی آئی کی ٹیم انہیں اپنی جانچ کے گھیرے میں لیتے ہوئے گھوٹالہ کے سلسلے میں پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس سلسلہ میں سی بی آئی ہیڈ کوارٹر سے بھی ہدایت طلب کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ رام نریش یادو فی الحال ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل ہیں۔ بیماری کی حالت میں ہی انہوں نے مدھیہ پردیش سے روانگی کا پروگرام تیار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق رام نریش یادو بدھ کی شام کو ساڑھے چار بجے سرکاری طیارے سے لکھنؤ روانہ ہو جائیں گے۔ جبکہ گجرات کے گورنر اوپی کوہلی مدھیہ پردیش کا اضافی چارج سنبھالنے کے لئے بدھ کی شام ساڑھے سات بجے بھوپال پہنچ جائیں گے۔ کوہلی رات میں راج بھون میں ہی قیام کریں گے اور اگلے دن یعنی آٹھ ستمبر کو دوپہر ساڑھے 12 بجے حلف برداری کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ مدھیہ پردیش کے چیف جسٹس راجندر مینن نئے گورنر کو حلف دلائیں گے۔