امریکی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت نے ڈونالڈ ٹرمپ کو انتخابی مہم چلانے کے لئے دسیوں لاکھ ڈالر کی رقم فراہم کی ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ دی ہے کہ نئی دستاویزات ریپبلیکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اور سعودی حکومت کے درمیان مالی روابط کو ثابت کرتی ہیں۔
نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے بارہا ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن پر سعودی عرب سے دسیوں لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کرنے کا الزام لگایا ہے لیکن نئی دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ خود ٹرمپ نے بھی آل سعود سے بڑی رقم وصول کی ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے دو ہزار ایک سے اب تک سعودی حکام سے ستاون لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کی ہے۔
قابل ذکرہے کہ امریکا میں صدارتی الیکشن کے لئے انتخابی مہم تیز ہو گئی ہے جبکہ تازہ سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی عوام کی اکثریت سمجھتی ہے کہ دونوں میں سے کسی بھی امیدوار میں صدر بننے کی مطلوبہ اور ضروری صلاحیت نہیں پائی جاتی ۔اکثر امریکی عوام کا کہنا ہے کہ وہ ان دونوں امیدواروں میں سے ہی کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور ہیں۔