ریاست کے مفاد میں سبھی پارٹیوں کا تعاون ضروری:وزیر اعلیٰ
لکھنؤ۔ اتر پردیش اسمبلی کے اسپیکر ماتا پرساد پانڈے نے اسمبلی کی کارروائی میں تمام سیاسی پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے ہر ہرلمحے کا پوری طرح استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی کے امور کی انجام دہی میں تمام پارٹیوں کا تعاون ضروری ہے۔ وہ آج یہاں کل سے شروع ہونے والے اسمبلی کے مانسون اجلاس کےلئے منعقد کل جماعتی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایوان کے لیڈر اکھلیش یادو نے کہا کہ انکی پارٹی اسمبلی کی کارروائی میں مکمل تعاون دے گی۔
اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں ضمنی بجٹ کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ضروری امور بھی انجام دئے جائیں گے جس میں ریاست کے مفاد میں سبھی پارٹیوں کا تعاون اور مشورے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس ایک ایسا موقعہے جس میں عوام سے وابستہ مسائل کو حکومت کے علم میں لاکر انکا مناسب حل کرایا جا سکتا ہے۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ اسمبلی کے تمام ارکان اس موقع کا فائدہ اٹھائیں گے۔ اس موقعپر بی ایس پی کے گیا چرن دنکر، بی جے پی کے سریش کمار کھنا، کانگریس کے پردیپ ماتھر اور راشٹریہ لوک دل کے دلبیر سنگھ نے اپنی اپنی پارٹیوں کی جانب سے اسمبلی کی کارروائی میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ میٹنگ میں وزیر پارلیمانی امور محمد اعظم خاں بھی موجود تھے۔