بھائیوں نے بہنوں اور ملک کی حفاظت کا عہد لیا
لکھنؤ۔ آج ملک میں چاروں طرف مذہب اورذات برادری کے نام پر لوگ ایک دوسرے کو مار رہے ہیں۔اور یہ صورت حال ہمارے درمیان فاصلہ سے پیدا ہوئی ہے۔ ہمارا ملک مختلف مذاہب اور بھائی چارے کی وجہ سے پوری دنیا میں اپنی الگ شناخت رکھتا ہے لیکن رفتہ رفتہ ہم اپنی یہ شناخت کھوتے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مہنت دویا گری نے گاندھی بھون میں بھارتیہ عوام سوسائٹی کی جانب سے منعقد25ویں ’راشٹر رکچھا بندھن تقریب میں مہمان خصووصی کی حیثیت سے کیا۔ انہوں نے مذکورہ تقریب کے لئے اسکے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہملک کی بہنیں بھائیوں کے ہاتھ پر نہ صرف اپنی بلکہ ملک کی حفاظت کیلئے بھی راکھی باندھیں اور انہیں عہد دلائیں کے ملک کی ہر حال میں حفاظت کریں گے۔
ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی نے کہا کہ ہمارے ملک کی یہ خصوصیت ہے کہ یہاں مختلف مذاہب اور تہذیبوں سے وابستہ افراد رہتے ہیں۔ انکی روایات بھی جدا ہیں لیکن اسکے باوجود ہم ہزاروں برس سے یہاں اتحاد و بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں دوسری طرف اگر ہم اپنے پڑوسی ملک بنگلہ دیش پر نظر ڈالیں تو یہی نظر آئے گا کہ وہاں بے گناہ افراد کو قتل کیا جا رہا ہے۔
سابق جج بی ڈی نقوی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی تقاریب ملک کے گوشے گوشے میں منعقد ہونی چاہیے۔ان تقاریب سے عوام کے درمیان اتحاد، محبت اور بھائی چارے کا پیغام جاتا ہے۔تقریب کے موقع پر مہنت دویا گری نے سابق جج بی ڈی نقوی و معروف خاں کی کلائی پر راکھی باندھی۔ ڈاکٹر ریتا جوشی نے بھی کئی لوگوں کے ہاتھ پر راکھی باندھ کر اپنی اور ملک کی حفاظت کا عہد لیا۔موقع پر کثیر تعداد میں موجود دیگر خواتین نے بھی مردوں کی کلائی پر راکھیاں باندھ کر بھائیوں کے ساتھ ملک کی حفاظت اور باہمی اتحاد و اتفاق کا عہد لیا۔
بھارتیہ عوام سوسائٹی کے کنوینر عبد الاحد اعظمی نے تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کی جانب سے راشٹر رکچھا بندھن تقریب کا آغازعابد علی اعظمی مرحوم نے پچیس برس قبل کی تھی۔اور اس تقریب کا مقصد یہی تھا کہ ہماری گنگا جمنی تہذیب اور رواداری جسکی وجہ سے پوری سے ہم الگ دکھائی دیتے ہیں وہ برقرار رہے۔ آج وہ بھلے ہی ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن انکے ذریعے شروع کی گئی یہ تقریب انہیں آج بھی زندہ کئے ہوئے ہے۔
تقریب میں لکھنؤ یونیورسٹی کی سابق پروفیسر صابرہ حبیب،پروفیسر رمیش دیکشت، کانگریسی لیڈر معروف خاں، بی ایس پی لیڈر ارمان خاں،ڈاکٹر عزیز خاں، ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی، رضیہ نوازاور ترنامول کانگریس کے ریاستی صدر وحید صدیقی کے علاوہ ناکہ گرودوارا کمیٹی کے صدر راجیندر سنگھ بگا ودیگر معزز افراد موجود تھے۔تقریب کی نظامت شیلندر شکلا نے کی۔تقریب کی ابتدا میں ڈاکٹر اقبال احمد نے بھارتیہ عوام سوسائٹی کی سالانہ رپورٹ حاضرین کی موجودگی میں پڑھ کر سنائی۔