گوپال گنج:بہار میں گوپال گنج ضلع کے سدھوالیہ تھانہ علاقہ میں زمینی تنازعہ کو لیکر کل رات مجرموں نے ایک خاتون کو گولی مارکر قتل کردیا۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا ہے کہ ہلوآر پانڈے ٹولہ کی رہنے والی مینا دیوی (42) کا اپنے رشتہ دار میتھلیش پنڈٹ کے ساتھ کچھ عرصہ سے زمین کا جھگڑا چل رہا تھا۔ کل رات کچھ بدمعاشوں نے مینا کے گھر میں گھس کر اسے گولی ماردی جس سے وہ سنگین طور سے زخمی ہوگئی۔ اسے ڈسپنری لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بیچ بچاؤ کرنے گئے مینا کے بیٹے اور بیٹی کو بھی بدمعاشوں نے زد و کوب کیا۔ مرنے والی کا شوہر دھرم ناتھ پڑتی گجرات میں ملازمت کرتا ہے ۔ زخمیوں کے بیان پر بٹو دوبے ، میتھلیش پڑتی، سنیل پڑتی اور شوناتھ پڑتی کے خلاف نامزد رپورٹ درج کی گئی ہے ۔ پولیس کے مطابق بٹو مجرمانہ رجحان رکھتا ہے جو 15 دن قبل جیل سے چھوٹا تھا۔ اس واقعہ کے بعد سے تمام ملزم فرار ہیں۔