سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں پیر کی صبح ایک شخص اُس وقت ہلاک ہوگیا جب فوج کی ایک گاڑی نے ایک نجی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں شہری کی ہلاکت کے بعد علاقہ میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راشٹریہ رائفلز (آر آر) کی ایک گاڑی نے ضلع بانڈی پورہ کے سمبل میں ایک نجی گاڑی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور محمد اشرف میر کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ تاہم پولیس نے فوری طور پر حرکت میں آکر فوجی گاڑی کے ڈرائیور امول پٹیل کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے واقعہ کی نسبت معاملہ بھی درج کرلیا ہے ۔ بعد میں سمبل کے مقامی رہائشی سڑکوں پر نکل آئے اور فوج کے خلاف احتجاج کرنے لگے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فوجی گاڑی کا ڈرائیور گاڑی کو انتہائی تیز رفتار سے چلا رہا تھا۔