فیفا ورلڈ کپ 2018 کے ابتدائی دو گروپس اے اور بی کے تمام میچوں کا اختتام ہو گیا ہے جس میں سے دو، دو ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
گروپ اے سے یوروگوائے اور روس جبکہ گروپ بی سے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد سپین اور پرتگال نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔
پیر کو کھیلے جانے والے گروپ بی کے دونوں ہی آخری میچ برابر رہے، تاہم گروپ اے سے سعودی عرب نے مصر کو اور یوروگوائے نے میزبان روس کو شکست دی۔
پرتگال اور ایران کے درمیان کھیلے گئے میچ کا اختتام تو ایک، ایک گول سے ہوا لیکن میچ کے آخری لمحات میں ایران اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے انتہائی قریب آگیا تھا۔
میچ کے پہلے ہال کے 45 ویں منٹ میں پرتگال کی جانب سے ریکارڈو کریزما نے گول کیا جبکہ میچ کے دوسرے ہالف کے اضافی وقت میں ایران کی جانب سے کریم نے پینلٹی پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
ایران جس نے اس ورلڈ کپ مقابلوں میں پہلے مراکش کو شکست دی اور پھر سپین کے خلاف عمدہ کھیل پیش کر کے سب کو حیران کیا، آج بھی اس کی ٹیم اچھا کھیلی اور پرتگال کے خلاف آخری لمحات میں پینلٹی پر گول کر کے میچ کو برابری پر ختم کرنے میں کامیاب رہی۔
رونالڈو بھی پینلٹی پر گول نہ کر سکے
اس میچ کی خاص بات کرسٹیانو رونالڈو کا پینلٹی پر گول نہ کرنا تھی۔ پرتگال کو میچ میں ایک، صفر سے برتری حاصل تھی کہ اسے پینلٹی کی صورت میں دوسرا گول کرنے کا موقع ملا جو رونالڈو نے ضائع کر دیا۔
کرسٹیانو رونالڈو اس ورلڈ کپ میں اب تک پینلٹی ضائع کرنے والے واحد کھلاڑی نہیں ہیں، اب تک کل پانچ پینلٹیز ضائع کی جا چکی ہیں جن میں ارجنٹینا کے سٹار کھلاڑی لیونل میسی بھی شامل ہیں۔
پرتگال کے کوچ فرنینڈو سینٹوز نے میچ کے بعد کہا کہ ’جب ہم نے گیند پر سے گرفت کھو دی تو ایران کو فائدہ ہوا۔ کریزما نے عمدہ گول کیا اور پینلٹی ملنے تک میچ ہماری گرفت میں تھا۔ ہم گول نہ کر پائے لیکن یہ فٹبال کا حصہ ہے، سب کچھ پرفیکٹ نہیں ہوتا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک، صفر سے ایران کو حولہ ملا اور کھیل تھوڑا تبدیل ہو گیا۔ ہم نے تھوڑا کنٹرول کھویا اور انھوں نے گول کر دیا۔‘
’کوئی ایک فاتح ہے تو وہ ایران ہے‘
میچ کے بعد ایران کے کوچ کارلوس کوئروز نے کہا :’یہ ایک ایسا میچ تھا جس پر ہمیں فخر ہے اور ہم نے ورلڈ کپ کو عزت بخشی ہے۔ یہ ایک برابری کا مقابلہ تھا، ہر منٹ اور کانٹے دار،۔ میرے خیال میں بغیر کسی شک کے، اگر فٹبال میں تھوڑا انصاف ہو، جو کہ نہیں ہے اور نظم و ضبط، اور رویے کی بنا پر کوئی ایک فاتح ہو تو وہ ایران ہے۔‘
ایران دوسرے ہالف کے اختتامی لمحات میں اس وقت تاریخ رقم کرنے سے چند انچ دور رہا جب سٹارئکر مہدی تریمی کو گول کرنے کا موقع ملا اور ان کی کک پر گیند بہت کم فاصلے سے باہر چلی گئی۔
پرتگال اب ناک آؤٹ مرحلے میں اپنا میچ یوروگوائے کے خلاف کھیلے گا۔
گروپ بی ہی سے سپین اور مراکش کے درمیان میچ کا اختتام بھی سنسنی خیز انداز میں ہوا جب سپین نے اضافی وقت میں گول کر کے میچ دو، دو سے برابر کر دیا۔
مراکش جسے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں ایران اور پرتگال سے شکست ہوئی تھی نے سپین کے خلاف میچ میں عمدہ کھیل پیش کیا اور ایک موقع پر وہ جیتنے ہی والا تھا کہ سپین کی جانب سے ایاگو اسپاس نے میچ کے اختتامی لمحات میں گول کر کے میچ دو، دو سے برابر کر دیا۔
اس طرح سپین نے اگلے مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ میزبان روس سے ہوگا۔
گروپ اے سے سعودی عرب جس نے اپنے ابتدائی میچوں میں شکست کا سامنا کیا آخرکار اس ورلڈ کپ میں جیت کا مزہ چکھنے میں کامیاب ہو ہی گیا۔ سعودی عرب نے اپنے آخری میچ میں مو صلاح کی ٹیم مصر کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
مصر جو پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا ہے کی جانب سے سٹار فٹبالر مو صلاح نے واحد گول کیا۔
اس کے علاوہ گروپ اے سے ہی یوروگوائے نے میزبان روس کو صفر کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دی تاہم دونوں ہی ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔