گورکھپور :گورکھپور اور پھول پور پارلیمانی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی طرف سے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے امیدواروں کو حمایت دینے پر طنز کرتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ طوفان دیکھ کر سانپ چھچھوندر جیسے جانی دشمنوں کا ایک کشتی میں سوار ہونا تعجب کی بات نہیں ہے ۔
گورکھپور پارلیمانی حلقہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار اپیندر دت شکلا کی حمایت میں مسٹر یوگی نے پپرایچ اسمبلی حلقہ کے جیت پور مارکیٹ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”بی جے پی کے بڑھتے ہوئے طوفان سے ڈر کر سانپ اور چھچھندر ایک ساتھ ہو گئے ہیں۔ سب کومعلوم ہے کہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس حادثہ کس نے کروایا تھا اور لکھنؤ میں بنی یادگاروں کو منہدم کرنے کا انتباہ کس نے دیا تھا”۔
مسٹر یوگی نے کہا ”آپ لوگوں نے پانچ بار ہمیں رہنما بنایا جس کا نتیجہ یہ ہواکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیں وزیر اعلی بنایا۔ پورے ملک میں بی جے پی کی لہر چل رہی ہے اور اتر پردیش کے گورکھپور اور پھول پور پارلیمانی حلقہ میں ہو رہے ضمنی انتخابات میں پارٹی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی”۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں ترقی کا کام شروع ہوا ہے اور ہدف بڑا ہے ، لہذا اس کی تکمیل کے لئے ہر ایک کے تعاون کی ضرورت ہے ۔مسٹر شکلا ان کے نمائندہ اور وفادار کارکن ہیں۔انہوں نے ٹکٹ کا مطالبہ نہیں کیا ہے ۔ مگر پارٹی نے سینئر اور محنتی کارکن کو ٹکٹ دے کر کارکنوں کا احترام بڑھایا ہے ، اس لئے سال 2014 کے پارلیمانی انتخابات میں مجھ کو ملنے والے ووٹوں سے زیادہ ووٹ مسٹر شکلا کو دلانے کی ذمہ داری کارکنوں پر ہے ۔
وزیر اعلی نے کہا کہ بی جے پی ذات پات پر نہیں بلکہ ترقی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لے گی۔ ذات پات پر مبنی سیاست سے ترقی نہیں ہوتی ہے اور اگر ہم ذات پات کے درمیان منقسم رہیں گے تو جیتنے والا تو جیتے گا لیکن ہم ہار جائیں گے ۔ اس صورت حال میں ترقی نہ ہونے کی قیمت سب کوادا کرنی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں ترقی کا کام تیزی سے ہورہا ہے ۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ پپرایچ علاقہ کی ترقی کے لئے کتنی لڑائی لڑنی پڑی ہے یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پپرایچ علاقہ کے عوام کا پانچ مرتبہ کا قرض ان کے اوپر ہے اور وہ اس کو ادا کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں اور بعد میں بھی آتے رہیں گے ۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست کے گورکھپور اور پھول پور پارلیمانی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے نافذ کی جانے والی فلاحی ترقیاتی اسکیموں کو عوام کے درمیان متعارف کرانے کی ضرورت ہے اور دعوی کیا کہ ان دونوں پارلیمانی حلقوں میں بی جے پی جیت حاصل کرے گی۔
انہوں نے اپنے دور اقتدار کی کامیابیوں کو شمار کراتے ہوئے کہا کہ 11 ماہ میں اتر پردیش کو ‘بیمارو ‘سے بہترین ریاست بنانے کا آغاز کر دیا ہے ۔یہاں کے نوجوانوں کو ہنر مند بناکر ترقی کے راستے تلاش کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے ‘ینگ’ ملک اور اتر پردیش سب سے ‘ینگ’ریاست ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کسی گاؤں کے لئے نہیں بلکہ پوری ریاست کے لئے چار لاکھ 28 ہزار کروڑ روپیے کا بجٹ تیار کرایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنبہ پروری سے ملک نہیں چلتا ہے اور جو لوگ نوجوانوں کی نوکری میں بدعنوانی کریں گے ان کی جگہ جیل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پوری ریاست کے ساتھ گورکھپور بھی ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہ سماجوادی پارٹی چینی مل فروخت کرتی تھی، کانگریس بند کرتی تھی اور ہم چینی مل کھولنے کے لئے آئے ہیں اور ترقی کی بات کرتے ہیں جب کہ ریاست کی گذشتہ حکومت ترقی کی کوئی بات نہیں کرتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی ہو یہی وزیر اعظم مسٹر مودی کی خواہش ہے اور وہ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ خوشحالی، ترقی اور روزگار فراہم کرناہماری حکومت کی ترجیح ہے ۔
بی جے پی امیدوار اپیندر دت شکلا نے کہا کہ مہنت یوگی آدتیہ ناتھ نے ‘آشیرواد’ دے کر بھیجا ہے اب عوام کا ‘آشیرواد’ چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے ترقی کا جو پودا لگایا ہے اس کو مالی بن کر سینچوں گا۔