سان فرانسسکو: خبردار! آپ غیر محفوظ ویب سائیٹ استعمال کر رہے ہیں، گوگل کروم کے نئے فیچر. یہ خیال عام ہے کہ انٹرنیٹ کا استعمال غیر محفوظ ہوتا ہے، لوگ آن لائین خریداری، شاپنگ اورانتہائی خفیہ معاملات سر انجام دیتے وقت اس پریشانی میں مبتلارہتے ہیں کہ کہیں ان کی معلومات افشاں نہ ہوجائے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ انٹرنیٹ کا استعمال قدرے غیر محفوظ بھی ہے، اس بات کا اقرار خود ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیاں بھی کرچکی ہیں، اور اس کی مثال ہیکرز کی جانب سے بڑے بڑے اداروں اور افراد کی ویب سائیٹس اور سوشل اکاؤنٹس کو ہیک کرنا بھی ہے۔
تاہم اب گوگل نے اپنے انٹرنیٹ براؤر گوگل کوروم کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے انٹرنیٹ کے استعمال کو قدرے محفوظ بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا۔ کمپنی کے مطابق جو انٹرنیٹ صارفین گوگل کوروم کو استعمال کرتے ہوئے ایچ ٹی ٹی پی(http) اور انکوگنیٹو موڈ یعنی خفیہ ویب سائیٹس کو استعمال کر رہے ہوں گے، انہیں غیر محفوظ ویب سائیٹ استعمال کرتے وقت خبردار کیا جائے گا کہ وہ محفوظ نہیں ہیں۔
بلاگ پوسٹ میں گوگل نے بتایا کہ جیسے ہی انٹرنیٹ صارف http یو آر ایل کی حامل ویب سائیٹ پر اپنے کریڈ کارڈ سمیت دیگراہم معلومات فراہم کریں گے تو انہیں خبردار کیا جائے گا کہ وہ غیر محفوظ ویب سائیٹ استعمال کر رہے ہیں،اس ویب سائیٹ کو ڈیٹا فراہم کرنا رسک ہے۔ گوگل کوروم اپنے صارفین کو اس وقت ہی خبردار کرے گا، جب وہ کسی غیر محفوظ ویب سائیٹ کو انتہائی حساس معلومات فراہم کریں گے۔
اسی طرح گوگل کوروم اس وقت بھی انٹرنیٹ صارفین کو خبردار کرے گا، جب صارفین خفیہ یا ممنوعہ ویب سائیٹس کو استعمال کر رہے ہوں گے، تاہم صارفین کو صرف اس وقت ہی خبردار کیا جائے گا جب وہ کسی غیر محفوظ ویب سائیٹ کو استعمال کر رہے ہوں گے۔ خیال رہے کہ گوگل کوروم اپنے صارفین کو انکوگنیٹو موڈ کے ذریعے ممنوعہ یا خفیہ ویب سائیٹس استعمال کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔
گوگل کوروم کے مطابق اس قدم سے انٹرنیٹ صارفین کی سیکیورٹی مزید بہتر ہوگی۔ گوگل کوروم کے مطابق اکتوبر 2017 کے بعد براؤزر پر ’غیر محفوظ‘ جیسے اضافی فیچر متعارف کرائے جائیں گے، انٹرنیٹ صارفین کو پاپ اپ کے ذریعے خبردار کیا جائے گا، یا براؤزر کے اوپر یو آر ایل ایڈریس کے ساتھ ہی ’غیر محفوظ‘ (نو سیکیوئر) کا جملہ لکھا جائے گا۔