لکھنو : ریاستی الیکشن کمیشن نے موجودہ ای وی ایم کی افادیت پر سوال اٹھائے ہوئے نئی مشینوں کا مطالبہ کیا ہے۔ ای وی ایم پر جاری تنازعہ مزید بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک دن پہلے ہی الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر سوال اٹھانے والوں کو کھلا چیلنج دیا تھا۔ تاہم سیاسی جماعتوں کے بعد اب اتر پردیش کے ریاستی الیکشن کمشنر نے پرانے ائ وی ایم کو لے کر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
اتر پردیش کے ریاستی الیکشن کمشنر ایس اگروال سے جب پوچھا گیا کہ جس طرح سے ای وی ایم پر سوالات اٹھ رہے ہیں، تو کیا بلدیاتی انتخابات میں بیلٹ پیپر سے الیکشن ہوسکتے ہیں، اس پر انہوں نے کہا کہ 2012 میں ہم نے بلدیاتی انتخابات بیلٹ پیپر سے ہی کرائے تھے، بس اس میں میئر کا الیکشن ہم نے ای وی ایم کے ذریعے کرایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دراصل الیکشن کمیشن سے جو ہمیں ای وی ایم دی جاتی ہیں، وہ 2006 سے پہلے کی ہیں، اتنی پرانی ہونے کی وجہ سے ان میں دقتیں آنے کی گنجائش بڑھ جاتی ہے، ہم نے مرکزی الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ اپ گریڈ ای وی ایم مہیا کرائی جائیں ۔ ایس اگروال نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے جو ہدایات ملیں گی، اس پر عمل کیا جائے گا۔ اگر اپ گریٹیڈ ای وی ایم نہیں آتی ہیں ، تو میئر کا الیکشن بھی بیلٹ پیپر پر کیا جا سکتا ہے۔