لکھنئو۔ یوگی حکومت مدارس کے نظام تعلیم میں بڑی تبدیلی کرنے جا رہی ہے۔ اتر پردیش کی یوگی حکومت نے ریاست میں چل رہے مدارس کے تعلیمی نظام میں تبدیلی کی تیاری کر لی ہے۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ مدارس کی تعلیم کی جدیدکاری کے لئے اس میں تمام نئے نصاب شامل کئے جائیں۔ ساتھ ہی کاروباری تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے کورس کو لازمی کیا جائے۔
سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے اقلیتی بہبود محکمہ کے جائزے کے دوران ہدایت دی کہ کسی بھی منصوبہ بندی کا عمل ایسا رکھیں کہ ایک بھی اہل شخص اس کے فوائد سے محروم نہ ہو۔ چاہے وہ اسکالر شپ ہو یا پنشن ہر سہولت کے لئے آدھار کارڈ سے منسلک کرکے مستفدین کی درستگی کو یقینی بنایا جائے۔ یہی نہیں کیش کی بجائے فائدہ اٹھانے والوں کو فنڈز براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹ میں ہی منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کے نصاب کو جدید بنایا جائے۔ کورس میں تاریخ، جغرافیہ، سائنس، حساب، انگریزی وغیرہ کی تعلیم کو بھی شامل کیا جائے، تاکہ تمام مدمقابل امتحانات میں مدارس سے پاس طالب علم بھی شامل ہو سکیں۔ اس کے علاوہ مدارس میں کاروباری تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے کورس کو بھی لازمی طور پر شامل کیا جائے۔