بلند شہر : مسجد پر بی جے پی کا پرچم لگانے کی کوشش سے بلندشہر میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ مغربی اترپردیش کے بلند شہر میں اس وقت صورت حال کشیدہ ہو گئی ، جب بی جے پی کی کامیابی کے بعد جشن مناتے ہوئے نوجوانوں کے گروپ نے ایک مسجد پر پارٹی کا جھنڈا لہرانے کی کوشش کی ۔ یہاں کے چچرائی گاؤں میں واقعہ پیش آنے کے بعد پولیس اور پی اے سی کے جوانوں کو تعینات کر دیا گیا اور سینئر افسر مسلسل علاقہ کا دورہ کر رہے ہیں ۔
ٹائمس آف انڈیا کی ایک خبر کے مطابق موقع پر موجود محسن احمد نے بتایا کہ رات کے ساڑھے نو بجے پیشانی پر تلک لگائے نوجوانوں کا ایک جلوس علاقہ سے نکلا ۔ ان میں سے کچھ مسجد کے دروازے پر کھڑے ہو گئے اور پھر چھت پر پرچم لگانے کی کوشش کرنے لگے ۔ ہم نے اس کےخلاف احتجاج کیا ، جس کے بعد جھڑپ ہو گئی ۔ تقریبا 2 ہزار کی آبادی والے اس گاؤں میں ہندو اور مسلم مساوی تعداد میں ہیں ۔
اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس کی مداخلت سے صورت حال کو قابو میں لایا گیا ۔ تاہم گاؤں میں اب بھی خوف اور کشیدگی کا ماحول ہے ۔ ایک اور مقامی شخص فرقان علی نے بتایا کہ پولیس کے آنے پر وہ نوجوان وہاں سے بھاگ تو گئے ، لیکن اس سے پہلے اگلی مرتبہ تلوار لے کر لوٹنے کی دھمکی بھی دے گئے ۔ پی اے سی اور پولیس کی موجودگی سے امن تو ہے لیکن خوف کا ماحول بنا ہوا ہے ۔
جہانگیر آباد پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او شيام وير سنگھ کے مطابق معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ وہیں بی جے پی نے واقعہ میں ملوث ہونے سے انکار کر دیا ہے ۔ ضلع یونٹ صدر ہمانشو متل نے اسے سماج دشمن عناصر کا کام قرار دیا ہے ۔