نئی دہلی۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کو روکنے کے لئے ای وی ایم میں گڑبڑی کی گئی. دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پنجاب میں عام آدمی پارٹی کو شکست دینے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے عام آدمی پارٹی کا 25 فیصد ووٹ اکالی۔بی جے پی اتحاد کو منتقل کیا گیا۔ پنجاب میں پارٹی کو ملی زبردست شکست پر آج یہاں پریس کانفرنس میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر مسٹر کیجریوال نے ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ کرانے پر سوال اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے پنجاب کے انتخابات کے نتیجے آئے ہیں اس سے ای وی ایم پر سے لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا ہے اور اس میں کچھ نہ کچھ گڑبڑی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پہلے آئے تمام سروے اور لوگوں کا یہ کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں عام آدمی پارٹی جیت رہی ہے لیکن نتائج پر بہت حیرانی ہوئی ہے۔
انہوں نے اکالی بی جے پی اتحاد کو 31 فیصد ووٹ ملنے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد کو پانچ چھ فیصد ووٹ ملنا چاہئے تھا۔ کہیں ایسا تو نہیں ہے کہ عام آدمی پارٹی کو شکست دینے کے لئے ای وی ایم کے ذریعے پارٹی کا 25 فیصد ووٹ اتحاد کومنتقل کیا گیا۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ پارٹی نے نتائج کا ہر بوتھ کا تجزیہ کیا ہے اور اس سے اس کے ای وی ایم میں گڑبڑی کے شبہ کو تقویت ملی ہے۔ کئی بوتھ ایسے ہیں جہاں بڑی تعداد میں عام آدمی پارٹی کے رضاکار تھے لیکن وہاں چند ہی ووٹ ملے۔ پنجاب میں پارٹی کی شکست سمجھ سے باہر ہے۔ یہ کہا جا رہا تھا کہ مالوا علاقے میں پارٹی سب سے آگے ہے لیکن وہاں کے نتائج بھی برعکس آئے ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ دہلی اور بہار کے اسمبلی انتخابی نتائج پر کسی نے ای وی ایم پر سوال کیوں نہیں اٹھائے تھے، مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اس وقت یقین تھا کہ وہ پوری طرح جیت رہے ہیں لہذا کسی قسم کی گڑبڑی نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے کہا، “میرا خیال ہے کہ ہم جیت رہے تھے اورای وی ایم میں گڑبڑی کرانے کی اصل وجہ کیا تھی اس کا مجھے پتہ نہیں۔ اگر ای وی ایم میں گڑبڑی کی جاتی ہے تو انتخابات کا کیا مطلب۔ “انہوں نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی کو پنجاب میں اقتدار سے باہر رکھنے کے لئے سارا کھیل کھیلا گیا۔
خیال رہے کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی اور بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے ای وی ایم میں گڑبڑی کا معاملہ اٹھایا تھا۔ مسٹر کیجریوال نے بھی دہلی کے تینوں کارپوریشن کے انتخابات ای وی ایم کی بجائے بیلیٹ پیپر سے کرانے کے لئے کل ریاستی الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔
دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن نے بھی تینوں کارپوریشن کے انتخابات بیلیٹ پیپر سے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلی کو خط لکھا تھا۔ تاہم ریاستی الیکشن کمیشن نے کل کارپوریشن انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے پولنگ ای وی ایم کے ذریعے ہی کرانے کی بات کہی ہے۔