نئی دہلی۔ کانگریس، این سی پی اور آر جے ڈی کے ممبران نے لوک سبھا سے کیا واک آؤٹ کیا۔ گوا میں سب سے بڑی پارٹی کو حکومت بنانے کی دعوت دینے کی بجائے بھارتیہ جنتا پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع دینے کی مخالفت میں کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ارکان نے آج لوک سبھا میں ہنگامہ کرنے کے بعد واک آؤٹ کیا۔ گوا میں سابق وزیر دفاع منوہر پاریکر اب نئے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے والے ہیں۔
ہولی کے تہوار کے بعد آج ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے فوراً بعد لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے اور پارٹی کے دیگر اراکین، بائیں بازو کے ممبران، آر جے ڈی، این سی پی اور جنتا دل (یو) کے اراکین گوا میں تازہ ترین سیاسی واقعات سے متعلق احتجاج کرتے ہوئے اپنی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوگئے۔
اسپیکر سمترا مہاجن نے بار بار کہا کہ وقفہ سوال کے دوران کسی دوسرے مسئلے پر بات نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے مسٹر کھڑگے سے کہا کہ وقفہ سوال کے دوران دوسری باتوں پر بحث نہیں ہوگی، اس لئے ’مہربانی کرکے بیٹھ جائیں‘۔ اس کے جواب میں مسٹر کھڑگے نے کچھ کہا جو ایوان کی کارروائی سے حذف کردیا گیا۔ بات نہ سنے جانے پر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے کارروائی شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد واک آؤٹ کیا۔
https://www.naqeebnews.com