کراچی۔ افغانستان کی کرکٹ ٹیم آئے دن نئی بلندیاں حاصل کر رہی ہے اور اس نے ٹی 20 میں مسلسل میچز جیتنے کے معاملے میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی بہترین ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان کی اس کامیابی میں یوں تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی کوششیں شامل ہیں لیکن ان کے وکٹ کیپر اور اوپنر بیٹس مین محمد شہزاد کا تعاون قابل قدر ہے۔
ٹی 20 بین الاقوامی مییچوں میں انھوں نے آئرلینڈ کے خلاف انڈیا میں ہونے والی حالیہ سیریز میں انڈیا کے وراٹ کوہلی اور پاکستان کے عمر اکمل کو مجموعی رنز کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر سے بھی آگے ہیں۔ اب وہ ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں 1779 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر نیوزی لینڈ کے برینڈم میککلم ہیں جنھوں نے 71 میچز میں 2140 رنز بنائے ہیں۔ ان کے بعد سری لنکا کے تلکارتنے دلشان اور نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل ہیں جنھوں نے بالترتیب 1889 اور 1806 رنز بنا رکھے ہیں۔
محمد شہزاد نے 58 میچز میں ایک سنچری اور 12 نصف سنچریوں کی بدولت یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ حالیہ سیریز کے پہلے میچ میں انھوں نے 47 رنز بنائے جبکہ آخری میچ میں 72 رنز بنا کر وہ کوہلی سے آگے نکل گئے۔ اگرچہ کوہلی کی مجموعی اوسط ان سے بہتر ہے لیکن ان کا سٹرائیک ریٹ کوہلی، میککلم، دلشان اور گپٹل سے بہتر ہے۔ اس کے علاوہ وہ دلشان، عمر اکمل اور ڈیوڈ وارنر سے اچھی اوسط رکھتے ہیں۔
وہ ٹی 20 میں سب سے زیادہ چوکے لگانے میں دلشان کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور انھوں نے میککلم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ افغانستان ٹیم کی مسلسل اچھی کارکردگی کے باعث انڈین کرکٹ بورڈ نے ان کے پانچ کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
محمد شہزاد کو کسی ٹیم نے نہیں لیا تاہم ان کے دو کھلاڑی آل راؤنڈر محمد نبی اور نئے سپنر راشد خان کو آئی پی ایل میں خرید لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق افغانستان کی ٹی 20 ٹیم اس وقت لگاتار سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ جیتنے والی ٹیم ہے اور وہ اب تک 11 میچز مسلسل جیت چکی ہے اور ابھی بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔