لکھنؤ : سیف اللہ اور اس کے ساتھیوں کے داعش سے تعلق ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ یوپی پولیس نے واضح کیا ہے کہ لکھنؤ انکاونٹر میں مارے گئے سیف اللہ اور گرفتار دیگر مشتبہ دہشت گردوں کے تار براہ راست طور پر دہشت گرد تنظیم داعش سے وابستہ ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔ ریاست کے اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر دلجیت چودھری کے مطابق ان لوگوں کو کسی دہشت گردانہ تنظیم کی حمایت حاصل نہیں تھی ۔ یہ لوگ انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور ویب سائٹ کے ذریعہ آئی ایس سے متاثر ہوئے تھے اور ‘خراسان گروپ بنا کر خود اپنی شناخت بنانا چاہتے تھے۔
قبل ازیں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا تھا کہ بم دھماکے کی تصاویر دہشت گردوں نے شام بھیجی تھی۔ اس سے متعلق ایک سوال پر دلجیت چودھری نے کہا کہ ‘ہو سکتا ہے کہ مدھیہ پردیش پولیس کے پاس ایسی کوئی معلومات ہو، لیکن ہمیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سامنے انکاؤنٹر اور گرفتار مشتبہ دہشت گرد سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے دلجیت چودھری نے کہا کہ 4 لوگ لکھنؤ کے ٹھاكرگنج میں واقع مکان میں کرایہ پر رہ رہے تھے۔ یہ آپس میں ملتے تھے اور منصوبہ بندی کرتے تھے۔ واردات کو انجام دینے کے لئے ریکی کرتے تھے۔ یہ کئی مرتبہ چھوٹی موٹی واردات کی کوشش بھی کر چکے تھے، لیکن ہر مرتبہ ناکام رہے۔
چودھری نے بتایا کہ ‘ٹرین میں آئی ای ڈی دھماکے بھی اسی کڑی میں انجام دیا گیا۔ یہ ایک کم شدت کا بم تھا۔ واقعہ کے بعد وہاں تین ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ مظفر ، دانش اختر اور سید میر کے زریعہ دی گئی اطلاعات کی بنیاد پر اٹاوہ، اوريا ، کانپور شہر اور لکھنؤ میں چھاپے مارے گئے۔ سب جگہ پولیس کو کامیابی ملی۔ دیر رات لکھنؤ کا انکاؤنٹر ختم ہوا۔ آج کے دور میں آئی ایس سے کچھ لوگ متاثر ہو جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا اور ویب سائٹ سے اس کے لٹریچر کو پڑھتے ہیں اور ان سے متاثر ہو جاتے ہیں۔
اے ڈی جی کے مطابق اس تنظیم سے وابستہ کچھ اور لوگوں کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اے ٹی ایس کے لکھنؤ میں واقع تھانہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے پاس سے 8 پستول، 4 چاقو، دھماکہ خیز مواد، پاسپورٹ، بیٹري، موٹر سائیکل، 6 موبائل فون، 4 سم کارڈ، سونے، چیک بک، بیس کارڈ، نقشہ، تعلیمی سرٹیفکیٹ، اوردو لٹریچر جیسی چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔ کانپور اور اٹاوہ سے برآمد لیپ ٹاپ سے پتہ چلا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعہ ہی ان لوگوں نے بم بنانا سیکھا تھا۔
چودھری کے مطابق مدھیہ پردیش سے گرفتار عتیق محمد گروپ کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
لکھنؤ سے برآمد تین پاسپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ان میں سے ایک سعودی عرب جا چکا تھا۔ گروپ کے کچھ اراکین آپس میں رشتہ دار ہیں۔ دانش مدھیہ پردیش سے پکڑا گیا ہے۔ یوپی سے پکڑے گئے عمران اور فیصل اس کے بھائی ہیں۔