نئی دہلی: دہلی میں نئے حج ہاؤس کی تعمیر پر آئے گا 100 کروڑ روپے کا خرچ ہوگا۔ راجدھانی دہلی میں حج ہاؤس کی تعمیر کے لئے گذشتہ 2مہینے میں وقت بوقت منعقد کی جانے والی چوتھی اعلیٰ سطحی میٹنگ آج دہلی سکریٹریٹ میں وزیر خوراک و رسد مسٹر عمران حسین کی صدارت میں منعقد ہوئی ،جس میں دہلی میں ایک شایان شان اور عظیم الشان حج ہاؤس کی تعمیر کے لیے دہلی سرکار کے محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعہ تقریباً100کروڑ کے تعمیراتی تخمینے پر مشتمل حج ہاؤس کے نقشے کو مکمل اور حتمی شکل دی گئی۔نئے حج ہاؤس کے نقشے پر ہر اعتبار سے غوروخوض کرنے اور تبادلہ خیال کے بعد وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام کو ہدایات دی کہ تمام ترمالیاتی اور انتظامی معاملات اور مراحل کو جلد از جلد پورا کرنے کے بعد حج ہاؤس کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے۔
میٹنگ میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین الحاج محمد اشراق خان ، ایگزیکٹو آفیسراشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسرمحسن علی اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ممبر نصرالدین سیفی کے علاوہ حج امور کے نگراں محکمہ محصولات، محکمہ مالیات کے افسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ نے باضابطہ طور پر بجٹ تخمینے کے دستاویزات حج کمیٹی کے افسران کو سپرد کردیا جسے حج کمیٹی نے فوری طور پر اپنی منظوری بھی دے دی ہے۔نیا حج ہاؤس تمام تر ضروری اور جدید ترین سہولیات سے مزین ماحولیاتی میعار اور پیمانے پر ایک مثالی عمارت ہوگی۔
واضح ہو کہ دہلی ملک کی دار الحکومت ہونے کے باوجود اپنی ضروریات کے مطابق باضابطہ حج ہاؤس سے محروم تھی جبکہ دہلی ملک کا سب سے برا امبارکیشن پوائنٹ ہے اور یہاں سے ملک کے کل 21امبارکیشن پوائنٹ کے مقابلے میں سب سے زیادہ حجاج حج بیت اللہ اور زیارت حرمین شریفین کے لیے روانہ ہوتے ہیں جس میں دہلی کے علاوہ ملک کی دیگر 6ریاستوں اترپردیش، ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ،چنڈی گڑھ کے عازمین حج شامل ہیں۔
دہلی حج کمیٹی کا دفتر اب تک ترکمان گیٹ کے نزدیک آصف علی روڈ پر حج منزل کے نام سے موسوم ڈی یو ایس آئی بی کی بلڈنگ میں واقع ہے۔ باضابطہ حج ہاؤس کی تعمیر کے لیے ڈی ڈی اے کی جانب سے دوارکا سیکٹر22فیس2مین 2008 میں 5ہزار اسکوائر میٹر زمین الاٹ کی گئی تھی ،جس کے بعد گذشتہ 8برسوں سے حج ہاؤس کی تعمیر کا معاملہ مسلسل التوا میں تھا۔ اب موجودہ حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان کی توجہ اور وزیر خوراک و رسد جناب عمران حسین کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں دہلی میں شایان شان حج ہاؤس کی تعمیر کا منصوبہ مکمل ہوچکا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ 2018کے حج بیت اللہ کی تکمیل نئے حج ہاؤ س سے ہوگی۔