لکھنو : ایس پی، بی ایس پی جیتی تو کربلا اور قبرستان ہی بنیں گے، رام مندر نہیں۔ یہ متنازع بیان بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ نے دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے فائر برانڈ لیڈر اور گورکھپور سے ممبر پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ نے ‘رام مندر کو لے کر ایک بڑا متنازع بیان دیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ یوپی میں اگر بی جے پی جیتے گی تو رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرے گی۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) یا سماج وادی پارٹی (ایس پی) جیتے گی ، تو پھر کربلا اور قبرستان ہی بنیں گے۔
یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے بی ایس پی لیڈر ستیش چندر مشرا نے کہا کہ جو بھگوان رام کے نہیں ہو سکتے، وہ عوام کے کیا ہوں گے؟ مشرا نے یہ بات ہفتہ کو وارانسی کے ڈی اے وی میدان میں بی ایس پی کی انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل نیوز 18 انڈیا سے بات کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ان کے بیان آگ لگاتے نہیں بلکہ آگ بجھاتے ہیں۔ آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ رام مندر بنائیں گے اور تاریخ بھی بتائیں گے۔
دراصل ان دنوں یوپی میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے سیاسی درجہ حرارت کافی چڑھا ہوا ہے۔ لیڈر خوب ایک دوسرے پر زبانی حملے کر رہے ہیں۔ کچھ ایسا ہی ہفتہ کو دیکھنے کو ملا ، کیونکہ یہ دن پانچویں مرحلے کی انتخابی مہم کے لئے آخری دن تھا۔ یوپی میں پانچویں مرحلے کی ووٹنگ 27 فروری کو ہونی ہے۔ اس مرحلے میں ریاست کے 11 اضلاع کی 51 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ اس مرحلے میں بہرائچ، شراوستی، سدھارتھ نگر، بستی، بلرام پور، گونڈا، فیض آباد، امبیڈکر نگر، سنت كبيرنگر، امیٹھی اور سلطانپور اضلاع میں ووٹنگ ہوگی۔2012 کے اسمبلی انتخابات میں ان میں سے زیادہ تر سیٹ پر سماج وادی پارٹی کا قبضہ رہا تھا۔