انقرہ۔ ترکی میں دولت اسلامیہ سے تعلق پر پولیس کی 18 صوبوں میں ریڈ ڈالی گئی۔ وہاں کی ریاستی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے کے شبہے میں 445 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اندالو نیوز ایجنسی کے مطابق ترکی کے 18 صوبوں میں پولیس نے اتوار کی صبح ریڈ کیں اور 445 افراد کو حراست میں لیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں زیادہ تر غیر ملکی ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد میں 60 کو دارالحکومت انقرہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یکم جنوری کو استنبول کے نائٹ کلب میں فائرنگ میں 39 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے قبول کی تھی۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ حملہ اس نے کروایا ہے، اور کہا تھا کہ یہ ترکی کی شام میں فوجی مداخلت کے جواب میں کیا گیا ہے۔ 31 دسمبر اور یکم جنوری کی رات کو ایک حملہ آور ٹیکسی کے ذریعے کلب پہنچا اور گاڑی کی ڈکی سے لمبی نال والی بندوق نکال کر فائرنگ شروع کر دی۔
ترکی شمالی شام میں دولتِ اسلامیہ سے نبرد آزما ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ وہ کرد علیحدگی پسندوں پر بھی حملے کر رہا ہے۔ آبنائے باسفورس پر واقع رینا استنبول کے مشہور ترین نائٹ کلبوں میں سے ایک تھا۔ یہاں دنیا کے مختلف حصوں سے سیاحوں کے علاوہ گلوکار، اداکار اور کھلاڑی آیا کرتے تھے۔