نئی دہلی۔ ہندوستان اور تاجکستان نے بغیر کسی تفریق کے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کا اعلان کیا اور سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی میں تعاون کو بڑھانے کیلئے چار معاہدوں پر دستخط کئے۔ دونوں ممالک نے پاکستان کا نام لئے بغیر دہشت گردوں کو محفوظ پناہ، دولت اور حمایت دینے والے رجحان کو بھی ختم کرنے کا اعلان کیا۔
دہشت گردی کو پورے علاقے کے امن واستحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انہوں نے اور تاجکستان کے صدر ایمولوی رحمن نے دہشت گردی کے شر سے مقابلے کیلئے سکیورٹی کے تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “دہشت گردی کا خطرہ نہ صرف دو ممالک پر ہے بلکہ پورے علاقے میں تشدد اور عدم استحکام کا سایہ بن گیا ہے۔ اس لیے دہشت گردی سے مقابلہ ہمارے تعاون کا ایک اہم شعبہ ہو گا “۔
ہندوستان اور تاجکستان کے مابین انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی میں تعاون کے چار معاہدوں پر دستخط
بعد میں ہندوستان اور تاجکستان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ دونوں لیڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل کا بغیر کسی امتیاز کے ہر حال میں خاتمہ کیا جانا چاہیے۔ بیان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناهگاهوں اور حمایت اور مالی امداد کو ختم کئے جانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ دونوں لیڈروں نے سکیورٹی اور دفاعی تعلقات کو وسیع کرنے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بین الاقوامی دہشت گردی پر جامع معاہدہ کو جلد ی منظوری دلانے کیلئے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔