نئی دہلی : بلیک منی برآمد ہونے کا سلسلہ ملک کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔ نوٹ بندی کے درمیان ملک بھر میں کروڑوں کے نئے اور پرانے نوٹوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی انکم ٹیکس محکمہ اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چھاپہ مار کر كروڑو روپے برآمد کئے ہیں ۔ دارالحکومت دہلی میں پولیس اور آئی ٹی نے 3.25 کروڑ روپے ایک ہوٹل سے برآمد کئے۔
محکمہ انکم ٹیکس اور دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی مشترکہ ٹیم کے چھاپے میں دہلی کے قرول باغ واقع ایک ہوٹل سے 3 کروڑ 25 لاکھ کے پرانے نوٹ ضبط کئے گئے ۔ ضبط کی گئی رقم 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹوں کی شکل میں ہے ۔ ایئر پورٹ پر ایکس رے مشین کی جانچ سے بچانے کے لئے ان نوٹوں کی پیکنگ خاص طرح کے تار اور ٹیپ سے کی گئی تھی۔
اس سلسلہ میں پولیس نے 5 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ پیسہ ممبئی کے ایک حوالہ آپریٹر کا ہے۔ گرفتار پانچ افراد میں سے تین ممبئی کے رہنے والے ہیں، جن کے نام انصاری ، فضل خان اور انصاری عفان ہیں ، جبکہ لڈو رام اور مہاویر سنگھ راجستھان کے رہنے والے ہیں۔
پولیس کی تفتیش میں ان لوگوں نے بتایا کہ پیسہ ممبئی سے آیا ہے اور وہیں کے ایک بڑے حوالہ آپریٹر کا ہے۔ فی الحال پوچھ گچھ جاری ہے۔ ادھر ملک کے دیگر حصوں سے بھی کروڑوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے۔
انکم ٹیکس محکمہ نے بنگلور میں چھاپہ مار کر 2.25 کروڑ روپے نئے نوٹوں کی شکل میں برآمد کئے ہیں، وہیں پنجی میں آئی ٹی محکمہ نے چھاپہ مار کر 68 لاکھ روپے کے نئے نوٹ برآمد کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ ادھر ای ڈی نے چندی گڑھ میں 2.18 کروڑ روپے برآمد کئے، جس میں سے 17.74 لاکھ روپے کے نئے نوٹ ہیں۔