چنئی/ حیدرآباد۔ طوفان وردا تمل ناڈو اور آندھرا پردیش کو آج اپنی زد میں لے سکتا ہے. توقع ہے کہ طوفان وردا آج شام چنئی کے قریب ساحل پار کرلے گا اور آندھراپردیش کے جنوبی ساحل اور تمل ناڈوکے شمالی ساحل کے درمیان ٹکرائے گا جس کی وجہ سے چینئی اور اطراف کے علاقوں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے۔
فوج کو چوکس رہنے کے احکام دے دیئے گئے ہیں جبکہ بچاؤ کاری کے لئے کشتیوں کو تیار رکھا گیا ہے۔ وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ انتہائی خطرناک طوفان وردھا کے سلسلہ میں راحتی کاموں کی تیاری کرلی گئی ہے تاکہ عوام کو بروقت مدد پہنچائی جاسکے۔ طوفان کے چنئی کے قریب کل شام تک ٹکرانے کا امکان ہے۔
کشتیوں کے علاوہ غوطہ خوروں‘ ڈاکٹروں‘ ربڑ کی کشتیوں‘ ہیلی کاپٹرس اور دیگر راحتی اشیاء بشمول غذا‘ پانی‘ کپڑے‘ دوائیں اور بلانکٹس کی وافر مقدار تیار رکھی گئی ہے۔
ڈزاسٹر مینجمنٹ کمشنر شیش گری بابو نے کہا ہے کہ یہ طوفان فی الحال خلیج بنگال میں چار سو کلو میٹر پر بنا ہوا ہے اور پندرہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پیشرفت کررہا ہے۔
توقع ہے کہ طوفان وردا کل جنوبی نیلور ضلع اور چنئی کے درمیان ساحل کو پار کرلے گا۔ اس دوران 80کلو میٹر فی گھنٹہ کی اوسط سے طوفانی ہوائیں چلیں گی۔ طوفان کے زیر اثر آندھراپردیش کے اضلاع پرکاشم‘ نیلور‘ چتور‘ کڑپہ سمیت اننت پور کے بعض حصو ں میں شدید بارش کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ طوفان کے پیش نظر تمام مناسب انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ وجئے واڑہ میں کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ تمام ضلع کلکٹرس نے کنٹرول رومس قائم کئے ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ این ڈی آر ایف کی پانچ ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے۔ طوفان وردھا کے پیش نظر ساحلی اضلاع میں چوکسی اختیار کی گئی ہے۔
نیلور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس وشال گنیل نے کاوالی کے ساحلی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ طوفان کے پیش نظر تیاریوں کا آج معائنہ کیاگیا۔
دیہاتیوں کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے ان کے وسائل‘ ماہر تیراکوں‘ کشتیوں‘ لکڑیوں کو کاٹنے کی مشینوں‘ جے سی بی کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور حکومت کی طرف سے تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔
دیہاتیوں کے ساتھ پولیس تال میل کررہی ہے۔ اسکولس‘ پنچایت کی عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاسکے۔ دریں اثنا چیف منسٹرچندرا بابو نائیڈو نے طوفان وردھا کے پیش نظر سخت چوکسی کی اعلی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔
چندرابابو نائیڈونے عہدیداروں کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیااور طوفان کے اثرات اور اس سے ہونے والی تباہ کاریوں کاجائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ساحلی آندھرا میں طوفان کے اثر سے ہونے والی شدیدبارش کو پیش نظر رکھتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے تمام عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔