پٹنہ۔ شراب بندی اور سات دیگر عزائم کی تکمیل بہار میں مہا گٹھبندھن حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ یہ کہنا ہے ہے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترقی یافتہ بہار کے سات عزائم پر عمل درآمد اور مکمل شراب بندی کا نفاذ کرکے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ بہار اپنی ترقی کے نئے معیار قائم کر کے ملک کی ترقی میں اپنی شراکت دے گی اور اپنی عظمت کو بحال کرے گی۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے اپنی حکومت کے ایک سال کے کام کاج کا رپورٹ کارڈ آج محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی ویب سائٹ پر جاری کیا۔
مسٹرنتیش کمار کل اسے پریس کانفرنس کر کےجاری کرنے والے تھے لیکن اترپردیش میں اندور-پٹنہ ایکسپریس کےہولناک حادثے کی وجہ سے اس پروگرام کو منسوخ کر دیا گیا۔ 139 صفحے کے رپورٹ کارڈ میں مسٹر نتیش کمار نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کو شمار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مهاگٹھ بندھن حکومت کے ایک سال مکمل ہونے سے پہلے ہی تمام سات عزائم کو نافذ کر نا منصوبوں کے نفاذ کی بڑی کامیابی ہے۔
اس کے ساتھ ہی حکومت نے ریاست میں مکمل شراب بندی نافذ کرکے انتخابات سے پہلے کئے گئے وعدے کو بھی پورا کر دیا ہے۔
رپورٹ کارڈ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت انصاف کے ساتھ ترقی کا نظریہ پیش نظر رکھتے ہوئے تمام لوگوں، علاقوں اور طبقوں کو ساتھ لے کر چلنے کے لئے پرعزم ہے۔ ریاست میں ترقی کی حکمت عملی شمولیت پر مبنی، منصفانہ اور پائیدار ہونے کے ساتھ اقتصادی ترقی پر مبنی ہے۔
رپورٹ میں وزیر اعلی مسٹر نتیش کمار نے کہا ہے کہ زرعی روڈ میپ، انسانی ترقیاتی مشن اور صنعتی فروغ اور سرمایہ کاری کے تئيں ان کی جو پالیسیاں اور پروگرام ہے انہیں مضبوطی سے آگے بھی جاری رکھا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچہ، درج فہرست ذات و قبائل، انتہائی پسماندہ طبقے، پسماندہ طبقے، عام طبقہ کے غریب، اقلیتی کمیونٹی، نیز خواتین اور بچوں کے لئے ان کی حکومت کی جو پالیسیاں اور پروگرام ہیں،
ان پر انہوں نے مضبوطی سے عمل کیا ہے۔ رپورٹ کارڈ میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ تمام باشندوں کو نہ صرف بنیادی سہولیات جیسے پینے کے پانی، بیت الخلا اور بجلی دستیاب ہو بلکہ سڑک، گلی، نالے اور پل وغیرہ بنیادی ڈھانچے کی بھی ترقی ہو۔