وشاکھاپٹنم۔ ٹیم انڈیا نے سلامی بلے باز روہت شرما (70) اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی (65) کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد لیگ اسپنر امت مشرا (18 رن پر پانچ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی سے نیوزی لینڈ کو پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے میں ہفتہ کو 190 رن سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2۔3 سے جیت کر دیوالی کا جشن منا یا۔ ٹیم انڈیا نے 50 اوور میں چھ وکٹ پر 269 رن بنانے کے بعد نیوزی لینڈ کو 23.1 اوور میں ہی 79 رن میں سمیٹ کر شائقین کو جیت کا تحفہ دیا ۔ ٹیم انڈیا نے اس طرح نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں تین ۔صفر سے شکست دینے کے بعد ون ڈے سیریز تین ۔دو سے اپنے نام کیا۔ نیوزی لینڈ کا اس شکست کے ساتھ ہندوستان میں پہلی بار باہمی سیریز جیتنے کا خواب بھی ٹوٹ گیا۔ مشرا نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو گھٹنے ٹیکنے پرمجبور کر دیا۔ مشرا نے چھ اوور میں محض 18 رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ ون ڈے میں یہ دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے جب مشرا نے ایک میچ میں پانچ وکٹ لئے۔ نیوزی لینڈ نے رانچی میں جس طرح چوتھا ون ڈے جیت لیا تھا اسے دیکھتے ہوئے کسی کو امید نہیں تھی کہ کیوی ٹیم اس قدر ہندوستانی اسپنروں کے سامنے گھٹنے ٹیک دے گی ۔
مشرا نے جہاں پانچ وکٹ لئے وہیں دوسری طرف لیفٹ آرم اسپنر اکشر پٹیل نے 4.1 اوور میں نو رن پر دو وکٹ اور اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیل رہے آف اسپنر جینت یادو نے چار اوور میں آٹھ رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم دو وکٹ پر 63 رن سے 79 رن پر آل آوٹ ہوگئی جو اس کا ہندوستان کے خلاف ون ڈے میں سب سے کم اسکور ہے۔ لیگ اسپنر مشرا نے راس ٹیلر (19)، جیمز نيشم (تین)، بي جے واٹلنگ (صفر)، ٹم ساؤتھی (صفر) اور ایش سوڈھی (صفر) کے وکٹ لئے۔ پٹیل نے کیوی کپتان کین ولیمسن (27) اور مشیل سینٹنر (چار) کو آؤٹ کیا۔ یادو نے کوری اینڈرسن (صفر) کو نمٹایا۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں امیش یادو اور جسپريت بمراه نے دونوں کیوی سلامی بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ امیش نے مارٹن گپٹل (صفر) کو پہلے ہی اوور میں بولڈ کیا جبکہ بمراه نے خطرناک ٹام لاتھم (19) کو چھٹے اوور میں آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے پانچ بلے باز تو کھاتا ہی نہیں کھول پائے۔ کپتان ولیمس نے 40 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 27 رن بنائے۔ نیوزی لینڈ 15 ویں اوور میں دو وکٹ پر 63 رن بنا کر ہندوستان کے سامنے چیلنج پیش کر رہا تھا لیکن 16 ویں اوور میں مشرا نے ٹیلر اور واٹلنگ کو دوبہترین گیندوں پر بولڈ کرکے نیوزی لینڈ کو جو جھٹکا دیا، اس سے مہمان ٹیم پھر سنبھل نہیں پائی اور اس کا 23.1 اوور میں بوریا بستر بندھ گیا۔
امت مشرا کو ان کی شاندار کارکردگی کے لئے مین آ ف دی میچ اور مین آف دی سیریز منتخب کیا گیا۔
اس سے پہلے ٹیم انڈیا نے روہت شرما (70) اور وراٹ کوہلی (65) کی شاندار نصف سنچریوں سے ٹیم انڈیا نے چھ وکٹ پر 269 رن کا مشکل اسکور بنا لیا۔ ہندستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ لیا۔ ٹیم انڈیا ایک وقت دو وکٹ پر 190 رنز بنا کر 300 سے اوپر کے اسکور کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا تھا لیکن نیوزی لینڈ کے اسپنروں نے 30 رنز کے وقفے پر تین وکٹ نکال کر ہندوستان پر لگام لگا دی ۔ہندستان نے پھر سنبھلتے ہوئے 50 اوور تک اپنا اسکور 269 رنز تک پہنچا دیا۔ روہت نے سیریز کے پہلے چار میچوں میں فلاپ رہنے کے بعد آخر اپنی لے میں لوٹتے ہوئے 65 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔روہت کی یہ 29 ویں نصف سنچری تھی۔وراٹ نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں تیسری ففٹی پلس اسکور بنایا۔وراٹ نے 76 گیندوں پر 65 رنز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔چوتھے نمبر پر اترے کپتان دھونی نے 59 گیندوں پر 41 رنز کی مفید اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔کیدار جادھو نے محض 37 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رنز کی تیز طرار اننگز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے 18 گیندوں پر 24 رنز میں ایک چوکا اور چھکا لگایا۔اوپنر اجنکیا رہانے نے 39 گیندوں پر 20 رنز میں تین چوکے لگائے۔روہت اور رہانے نے پہلے وکٹ کے لئے 9.2 اوور میں 40 رن کی ساجھےداری کی۔روہت نے پھر وراٹ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 12.4 اوور میں 79 رن جوڑے۔وراٹ اور دھونی نے تیسرے وکٹ کے لئے 15.3 اوور میں 71 رن کی ساجھےداری کی۔
وراٹ اور جادھو نے پانچویں وکٹ کے لئے 4.3 اوور میں 2 رنز جوڑے جبکہ جادھو اور پٹیل نے چھٹے وکٹ کے لئے 6.3 اوور میں 46 رنز بنائے ۔ جادھو اور پٹیل کی شراکت کافی اہم رہی کیونکہ ہندوستان نے دو وکٹ پر 190 رن کی مضبوط پوزیشن کے بعد 30 رنز کے وقفے میں دھونی، منیش پانڈے (صفر) اور وراٹ کے وکٹ گنوا دیئے تھے۔رہانے کو جیمز نيشام نے آؤٹ کیا۔روہت رن آؤٹ سے بچنے کی کوشش میں ڈائیو لگا کر خود کو زخمی کر بیٹھے اور پھر ٹرینٹ بولٹ کی اٹھتی گیند پر پل کرنے کی کوشش میں ڈیپ مڈ وکٹ پر نيشام کو کیچ دے بیٹھے۔وراٹ اور دھونی کی شراکت اچھی چل رہی تھی کہ لیفٹ آرم اسپنر مشیل سیٹنر پر سویپ کرنے کی کوشش میں دھونی لائن چوکے اور ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔پانڈے نے ایش سوڈھی پر غیر ضروری بلند شاٹ کھیل کر اپنا وکٹ گنوایا۔وراٹ بھی سوڈھی کی گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچانے کی کوشش میں باؤنڈری پر مارٹن گپٹل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ہندستان کے پانچ وکٹ 220 رن پر گر چکے تھے لیکن اس کے بعد جادھو اور پٹیل نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے کچھ بہترین شاٹ کھیلے۔پٹیل آخری اوور میں بولٹ کی چوتھی گیند پر بولڈ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے 52 رن پر دو وکٹ، سوڈھی نے 66 رن پر دو وکٹ، نيشام نے 30 رن پر ایک وکٹ اور سیٹنر نے 36 رن پر ایک وکٹ لیا۔