کراچی میں لیاقت آباد کے علاقے ایف سی ایریا میں امام بارگاہ کے باہر کریکر حملے میں ایک بچہ ہلاک جبکہ خواتین و بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
شریف آباد پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان درِعباس امام بارگاہ کے باہر کریکر پھینک کر فرار ہوئے، جبکہ کریکر 600 سے 700 گرام وزنی تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ کریکر حملے میں ہلاک ہونے والے بچے کا نام فراز بشیر تھا جس کی عمر 13 سال تھی۔
شیعہ قوم ڈاٹ کام کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان کی جانب سے جس وقت کریکر پھینکا گیا، اس وقت امام بارگاہ میں خواتین کی مجلس جاری تھی۔
دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
کریکر حملے میں زخمی ہونے والی خواتین و بچوں کو علاج کے لیے عباسی شہید عباس منتقل کیا گیا۔
انسپیکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے کریکر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی انکوائری پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی محرم الحرام کے دوران کراچی میں امام بارگاہوں کے باہر متعدد بار دستی بم اور کریکر حملے کیے جاچکے ہیں۔
نوٹ ضرور پڑھیں: یہ ابتدائی خبر ہے جس میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔ بعض اوقات میڈیا کو ملنے والی ابتدائی معلومات درست نہیں ہوتی ہیں۔ لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ ہم متعلقہ اداروں، حکام اور اپنے رپورٹرز سے بات کرکے باوثوق معلومات آپ تک پہنچائیں۔