اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی دنیا کے لئے خطرناک ہو سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ زید رعدالحسین نے بدھ کو جنیوا میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کا ارادہ نہیں رکھتے لیکن اگر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ وہ بین الاقوامی نقطہ نگاہ سے خطرناک ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اپنے بیان کی دلیل میں خود ٹرمپ کے ہی متنازعہ بیانات کو پیش کیا-
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ زید رعدالحسین نے کہا کہ مسلمانوں، تارکین وطن اور امریکا میں موجود اقلیتوں کے بارے میں ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار ٹرمپ کے بیانات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اگر وہ امریکا کے صدر منتخب ہو گئے تو امریکا میں ان لوگوں کو انسانی حقوق سے محروم ہونا پڑے گا-
واضح رہے کہ امریکا کے صدارتی انتخابات کے ریپبلیکن امیدوار ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بارہا اعلان کیا ہے کہ امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد ہونی چاہئے- ٹرمپ نے اس سے پہلے میکسیکو نژاد تارکین وطن کو جرائم پیشہ قراردیا تھا-
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس قسم کے بیانات پر خود ان کی پارٹی کے رہنما بھی شدید برہم ہیں اور امریکا کے بہت سے حلقے انہیں فاشسٹ قرار دیتے ہیں- ابھی حال ہی میں ٹرمپ کی وہ ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں انہوں نے خواتین کی اہانت کی ہے- اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد ریپبلکن پارٹی کے بہت سے سینئیر رہنماؤں نے ٹرمپ سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔