کیا آپ جانتے ہیں کہ روزانہ دن کے ابتدائی گھنٹوں کو گزارنے کا طریقہ ہی آپ کی کامیابی یا ناکامی کا تعین کرتا ہے ؟
ماہرین کے مطابق کامیاب زندگی گزارنے والوں کی اکثریت روزانہ صبح مستقل مزاجی کے ساتھ پانچ کام انجام دیتی ہے تاکہ منفعتوں سے بھرپور ایک کامیاب دن گزار سکیں۔
برطانوی اخبار “دی ڈیلی میل” نے ملازمتوں کی بھرتی سے متعلق ایک معروف ویب سائٹ کے بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لی بیگنز کے حوالے سے بتایا ہے کہ کامیابی کی کنجی 5 اقدامات میں ہے جو درج ذیل ہیں :
1 – کام سے پہلے ورزش
یہ امر بہت ضروری ہے کہ انسان اپنے دن کا آغاز اپنی پسند کی ورزش سے کرے خواہ پیدل چلے ، دوڑ لگائے ، کچھ وقت سائیکل پر سوار ہو یا پھر “جم” کا رخ کرے۔ اس سے ذہن اور روح کو تازگی حاصل ہوتی ہے اور یہ انسان کو اس دن کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے۔
2– صحت بخش ناشتہ
یاد رکھیں مطلوبہ ایندھن فراہم کیے بغیر آپ کا جسم دن بھر کی مشقت برداشت نہیں کرسکتا۔ لہذا آپ کو چاہیے کہ صحت بخش ناشتہ کریں۔ ناشتے کے سلسلے میں آپ کی توجہ وٹامن اور ریشے سے بھرپور غذاؤں کے ساتھ سبزیوں اور پھلوں پر بھی ہونا چاہیے۔
3– ای میلوں کا پڑھنا
کام کا آغاز یقینا ای میلوں کے پڑھنے سے کیا جانا چاہیے جس کے بعد اہم پیغامات کا جواب دیا جائے۔ ای میلوں کے جمع ہوجانے سے بہت سا وقت برباد ہوجاتا ہے اور بعض مرتبہ اہم ای میل Inbox کے بھر جانے کی وجہ سے وصول نہیں ہو پاتی۔
4– روزانہ کے اہداف کا تعین
ای میلوں کو دیکھنے کے فوری بعد ان اہداف کا تعین کیجیے جن کو اس دن پورا کرنا ہے۔ اس طرح آپ کامیابی کی سمت صحیح راہ پر ہوں گے اور وقت بھی ضایع نہ ہوگا۔ اس طرح آپ کے دن بھر کے اہداف تک وصولی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
5– ترجیحات کی فہرست
اہداف کے تعین کے بعد آپ کو دن بھر کی ترجیحات کی فہرست بنانا چاہیے تاکہ یہ معلوم رہے کہ اہمیت کے لحاظ سے کون سا کام جلد کرنا ہے اور کس کام کو ملتوی کیا جاسکتا ہے۔ یہ فہرست ثمر آوری اور ارتکاز کی بلند سطح کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔