کانگریسی لیڈر نے کہا نفرت بزدلوں کا ہتھیار
نئی دہلی : کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے اداکار عامر خان سے متعلق بیان دینے پر وزیر دفاع منوہر پریکر پر وار کرتے ہوئے کہاکہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) ملک میں نفرت پھیلانا چاہتا ہے۔ مسٹر گاندھی نے اپنے ٹویٹر پوسٹ میں کہاکہ آر ایس ایس اور پریکر جی ہر ایک کو
سبق سکھانا چاہتے ہیں۔ آپ کیلئے بھی ایک سبق ہے: نفرت بزدلوں کا ہتھیار ہے اور اس سے کبھی جیت حاصل نہیں ہوتی۔
بعد میں کانگریس کے ترجمان اعلی رندیپ سورجے والا نے اسی ٹویٹ کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مسٹر پریکر پر یہ کہتے ہوئے حملہ کیا کہ ان کا بیان یہ ثابت کرتا ہے کہ ملک میں ہر طرح کے احتجاج کو کچلنے اور دلتوں اور اقلیتوں کو ہراساں کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دریافت کیا کہ کیا یہی راج دھرم ہے؟
انہوں نے مزید لکھا کہ آیا منوہر پریکر کا کام ہندستان کو بیرونی حملہ آوروں مثلاً پاکستان سے محفوظ رکھنا ہے یا عامر خان جیسے اپنے ہموطنوں کو دھمکی دینا؟ انہوں نے اپنی ٹویٹ پوسٹ میں یہ بھی کہاکہ منوہر پریکر کا یہ انکشاف حیرت انگیز ہے کہ بی جے پی کے حامیوں نے عامر خان کے معاملے میں اسنیپ ڈہل کیلئے دقتیں پیدا کرنے اور اسے برباد کرنے میں سرگرم حصہ لیا۔
پنے میں کل ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ملک میں عدم رواداری میں اضافہ سے متعلق عامر خان کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ واضح رہے کہ عامر کا نام لئے بغیر مسٹر پریکر نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ جو شخص بھی ملک کے خلاف بولتا ہے اسے ایسا سبق سکھانا چاہئے کہ وہ زندگی بھر یاد رکھے۔