شام کے سرکاری میڈیا ادارے کے مطابق امریکی اتحادی افواج نے مغربی شام کے نزدیک سرحدی علاقہ کے دو فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ خبروں کے مطابق اس حملہ میں حکومت حامی 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔لبنان کے حزب اللہ گروپ کی جانب سے چلائے جارہے ایک فوجی میڈیا نے یہ اطلاع دی ہے۔
شام کی راجدھانی دمشق میں واقع میڈیا سینٹر نے بتایا کہ یہ حملہ عراق سے متصل سرحد کے نزدیک توانائی ادارے ٹی ۔ 2 اور یوفریٹس دریا سے تقریبا سو کلومیٹر دور مغرب میں ہوا ہے۔سنٹرل ملیٹری میڈیا کے مطابق دیرالزور ریاست کے بوکامل اور حمیہ کے درمیان دو ٹھکانوں کو امریکی فضائیہ نے نشانہ بنایا، جس سے کئی عمارات کو نقصان پہنچا ہے۔
جنگی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے سیرئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق امریکی اتحادی فوج کی طرف سے جمعرات کی صبح دو میزائل داغے جانے کی لہریں محسوس کی گئیں۔ اس حملے کے سلسلے میں امریکی اتحادی فوج کے ایک ترجمان نے فوری ردعمل دینے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی اتحاد نے اپریل کے مہینے میں بھی شام پر فضائی حملہ کیا تھا۔ شامی فوج پر الزام تھا کہ اس نے باغیوں اور عام شہریوں کے خلاف زہریلی گیس کا استعمال کیا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔